ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور میں تیزہواؤں کے خطرناک بگولہ سے8کلو میٹر تک تباہی

پتور میں تیزہواؤں کے خطرناک بگولہ سے8کلو میٹر تک تباہی

Fri, 04 Nov 2016 15:39:47    S.O. News Service

پتور4/ نومبر(ایس او نیوز) پتور کے اطراف میں 2نومبر کی شام کو اٹھنے والے خطرناک گرد باد یا دھول بھری تیزہواؤں کے بگولہ سے تقریباً 8 کلومیٹر کے دائرے میں تباہی پھیل گئی ہے۔

 موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ بونڈر یا گردباد صرف پانچ منٹ چلا تھا لیکن اس کی تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ درختوں کے جڑ سے اکھڑجانے، گھروں اورعمارتوں، موٹر گاڑیوں اور سپاری کے باغات وغیرہ کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ کروڑوں روپے بتایا جارہا ہے۔ مانیہا بندا،انیلو اور سری باگیلو جیسے دیہاتوں میں چاروں طرف جڑسے اکھڑے ہوئے درخت، عمارتوں پر گرے ہوئے درخت، زمین بوس ہونے والے الیکٹرک کھمبے،تباہ ہونے والے کھیت، سپاری، ناریل اور کیلے کے باغات چندلمحوں میں قدرتی آفت سے ہونے والی تباہی کی داستان سنارہے ہیں۔

 گونڈیاسے سبرامنیا تک جانے والی سڑک پر 2کلو میٹر تک گرے ہوئے درختوں کی قطار لگ گئی تھی جس سے موٹر گاڑیوں کے لئے سڑک بند ہوگئی۔کچھ سیاحوں کی موٹر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔مقامی افراد اور محکمہ جنگلات کے افسران رات بھر بڑی مشقت کے بعد سڑک پر سے گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے میں کچھ حد تک کامیاب ہوئے اور رات 3بجے کے قریب وہاں پر گاڑیوں کی آمد و رفت ممکن ہوسکی۔کہاجاتا ہے کہ اس سڑک کو پوری طرح ٹریفک کے قابل بنانے میں  کم از کم ایک ہفتے کاوقت لگے گا۔ فی الحال سبرامنیا مندر جانے کے لئے دوسرے راستے کا استعمال کیا جارہا ہے۔

 سبرامنیا رینج کے فاریسٹ آفیسرمنجو ناتھ نے بتایا کہ سڑک سے اگر جنگل کی طرف دیکھیں تو جہاں تک نظر جاتی ہے وہاں تک صرف جڑ سے اکھڑ کر گرے ہوئے درختوں کا منظر دکھائی دیتا ہے۔ریوینیو اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر چاروں طر ف پھیلی ہوئی تباہی کا جائزہ لیا۔
 


Share: